جنوبی وزیرستان: ( کرائم ڈیسک ) جنوبی وزیرستان میں سیاہ شیشوں والی کار سے چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے راغزائی کے قریب کالے شیشے والی کار سے فائرنگ کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ڈارئیور سمیت 3 افراد موقع پر جان کی بازی ہار گئے۔
ڈی پی او آصف بہادر نے بتایا کہ فائرنگ چلتی کارگو گاڑی پر کی گئی ہے جس کا نشانہ بننے والے تینوں افراد کا تعلق وزیر گنگی خیل قبائل سے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
دوسری جانب صوابی کے علاقہ ترلاندی میں دو گروپوں میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔