ملزمان نے مزید رقم نکلوانے کے لیے انگوٹھا اپنے پاس ہی رکھ لیا، لاش نہر میں پھینکنے جارہے تھے کہ پولیس نے پکڑلیا
شیخوپورہ ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ملزمان نے رقم کی لالچ میں خالہ زاد بھائی کو قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول یاسین فیصل آباد کا رہائشی تھا جس کو اس کے کزن نے وہاں سے بلایا اور اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر قتل کردیا، ملزمان کی جانب سے مقتول کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم میں جاکر اس کے اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپے کی رقم بھی نکال لی گئی اور باقی رقم نکلوانے کے لیے انگوٹھا اپنے پاس ہی رکھ لیا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ معاملے اس وقت سامنے آیا جب شیخوپورہ کے تھانہ ہاوسنگ کالونی پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی تو گاڑی سے بوری بند نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، تفتیش پر پتا چلا کہ ملزمان مقتول یاسین کی لاش ڈگی میں رکھ کر نہر میں پھینکنے جا رہے تھے کہ اس دوران پکڑے گئے، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد کیس سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی۔