کراچی: ( کرائم ڈیسک ) ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں 7 خواتین اور ایجنٹ بھی شامل ہیں، ملزمان کا تعلق رحیم یار خان، ٹنڈواللہ یار اور سکھر سے ہے، ملزمان عمرہ ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
گرفتار ملزم محمد نواز نے خود کو دیگر ملزمان کا رشتے دار ظاہر کیا جبکہ دوران تفتیش دیگر ملزمان نے انکشاف کیا کہ ملزم محمد نواز ایجنٹ ہے، ملزم محمد نواز نے تمام مسافروں کی سفری دستاویزات کا بندوبست کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سعودی عرب گداگری کے غرض سے جا رہے تھے، گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کے بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر ناواقف تھے۔
ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے، ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لئے کسی قسم کی رقم نہ تھی۔گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔