کراچی میں 13 سالہ بچی سمیت 4 خواتین کے قتل کا مقدمہ درج

کراچی : ( کرائم ڈیسک ) کراچی کی لیاری لی مارکیٹ میں 13 سالہ بچی سمیت 4 خواتین کے قتل کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ گھر کے سربراہ محمد فاروق کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق اپنی بیٹی ثمینہ کو اس کے سسرال چھوڑنے کے لیے گیا تھا، میری بیٹی نے مجھے بتایا کہ بھائی بلال بھی گھر پر آیا ہوا ہے، بیٹا بلال علیحدہ رہتا ہے، بیٹی کو سسرال چھوڑ کر آتے ہوئے روڈ پر بیٹے بلال اور سمیر کو دیکھا۔

مدعی محمد فاروق کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے بلال کی گاڑی خراب تھی اس کے ساتھ دوسرا بیٹا سمیر علی بھی موجود تھا، رات سوا تین بجے جب میں گھر پہنچا تو گھر کا دروازہ بند تھا، دروازہ چابی سے کھول کر اندر داخل ہوا تو برآمدے میں بہو کی گلا کٹی لاش پڑی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ گھر کے مختلف کمروں میں میری بیوی، بیٹی اور نواسی کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں، واقعے کی فوری طور پر 15 پر اور پڑوسی کو اطلاع دی ، اس دوران بیٹا بلال گھر آیا تو اس کے ہاتھ اور کلائی پر زخم کے تازہ نشانات تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ نے مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرایا ہے، ملزم بلال قتل کیس میں ملوث ہے، ملزم نے گزشتہ روز گھر کی چاروں خواتین کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا، ملزم کا والد اپنے بیٹے کو نامزد کرانا نہیں چاہ رہا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لی مارکیٹ زینب آرکیڈ کے ایک فلیٹ سے 13 سالہ لڑکی سمیت چار خواتین کی گلا کٹی لاشیں ملی تھیں ۔