سیالکوٹ: قلعہ کالر والا میں دیرینہ دشمنی پر 7 افراد قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس

سیالکوٹ: ( کرائم ڈیسک ) قلعہ کالر والا میں دیرینہ دشمنی پر 7 افراد کو قتل کردیا گیا، آئی جی پنجاب نے نوٹس لیکر ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ سیالکوٹ کے علاقے قلعہ کالر والا میں مالوکے بھلی کے قریب پیش آیا جہاں بی آر بی نہر کے کنارے نامعلوم افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

فائرنگ سے گاڑی میں سوار 7 افراد موقع پر دم توڑ گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق وقوعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، مقتولین کا ضلع شیخوپورہ میں زمین کا تنازعہ تھا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

آئی جی پنجاب کا نوٹس

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قلعہ کالر والا میں 7 افراد کے قتل کا نوٹس لیکر آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی، ڈی پی او سیالکوٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سفاک ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ ایس پی انوسٹی گیشن،ڈی ایس پی پسرور، ایس ایچ او قلعہ کالر والا اور سی آئی اے اور فرانزک ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جلد از جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔