واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ کوٹ مومن پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا
سرگودھا ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں پولیس افسر نے ساتھی سے مل کر میٹرک کی طالبہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ کوٹ مومن کے اے ایس آئی محمد نواز نے ساتھی احسان کی مدد سے میٹرک کی طالبہ ( ن ) کو اٹھایا، جس کے بعد ملزمان اسے نجی رہائش گاہ میں لے گئے جہاں ملزمان نے 15 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے اس پر تشدد بھی کیا، واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ کوٹ مومن پولیس کی جانب سے اے ایس آئی محمد نواز اور احسان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی گئیں۔
دوسری جانب ایک اور واقعہ میں فیصل آباد کے علاقے علی ٹاؤن کے گھر میں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے خاتون کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جہاں علی ٹاؤن میں 5 مسلح ڈاکوؤں نے ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کی، 3 ملزمان نے واردات کے دوران خاتون کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کی، ملزمان گھر سے بھاری نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فیصل آبادکے علاقہ نشاط آباد میں دوران ڈکیتی لڑکی سے زیادتی کا معاملہ لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی او فیصل آباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں،آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے۔