پولیس نے وہیکل آرڈیننس کی خلاف ورزی پر ڈیفنس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا
لاہور ( کرائم ڈیسک ) لاہور میں پولیس نے گاڑی پر ‘804 IK’ کی نمبر پلیٹ لگانے والے ٹک ٹاکر کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ‘804 IK’ کی نمبر پلیٹ لگانے والے ٹک ٹاکر کو پولیس نے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے شہری ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے اپنی گاڑی پر ‘804 IK’ کی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی، جس پر اس کے خلاف ڈیفنس تھانے میں وہیکل آرڈیننس کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا۔
ایس ایچ او تھانہ ڈیفنس لاہور کا کہنا ہے کہ ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا نے دانستہ طور پراپنی گاڑی پر یہ نمبر پلیٹ لگارکھی تھی، ڈیفنس کے مین بلیوارڈ کے قریب ناکے پر چیکنگ کی گئی تو نمبرپلیٹ جعلی ثابت ہوئی، غلط نمبر پلیٹ لگانے پر پولیس نے ندیم کو حراست میں لے لیا، پولیس نے گاڑی قبضے میں لے کرندیم مبارک کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، اے ایس آئی خالد محمود کی مدعیت میں یہ مقدمہ درج کیا گیا۔
دوسری طرف حکومتِ پنجاب نے ’اپنی گاڑی اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ کے عنوان سے نئی سکیم کا اجراء کر دیا، نئی سکیم کے تحت اب پنجاب کے شہری اپنی مرضی کے ہندسوں، اپنے کسی پیارے کے نام یا اپنی کمپنی کے نام پر مشتمل خصوی نمبر پلیٹ بنواسکیں گے، اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب نے پہلی بار گاڑی کی نمبر پلیٹس کے اجراء کا انقلابی قدم اٹھایا ہے، پنجاب گورنمنٹ سے منظور شدہ اور پرونشل موٹروہیکل آرڈیننس 1965ء کے تحت باقاعدہ لائسنس کے ساتھ آپ اپنی نمبر پلیٹ میں کوئی پیغام دیں، کسی شخصیت یا مقصد سے منسلک کریں یا کوئی اور جدید انداز اپنائیں اور اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ کو اپنی پہچان بنائیں۔
بتایا گیا ہے کہ ’اپنی گاڑی اپنی پہچان، اپنی نمبر پلیٹ‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی سکیم 3 طرح کی کیٹیگریز درج کی گئی ہیں، پہلی کٹیگری کو پلاٹینم کا نام دیا گیا ہے جس کے تحت آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر زیادہ سے زیادہ 8 الفاظ درج کروا سکتے ہیں اس کے لیے آپ اپنی مرضی سے اپنا نام، اپنے بیٹے یا بیٹی یا کسی بھی پیارے کا نام لکھوا سکتے ہیں، دوسری کٹیگری کو کارپوریٹ کا نام دیا گیا ہے جس میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنی کمپنی کا نام درج کروا سکتے ہیں، اس میں الفاظ کی تعداد کی کوئی قید نہیں رکھی گئی جب کہ تیسری گولڈ کیٹیگری میں آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ پر اپنے یا اپنے کسی پیارے کے نام کے ساتھ ہند سے بھی لکھوا سکیں گے، اس کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ کی گاڑی کے پسندیدہ نمبر میں 3 ایلفابیٹ اور 3 ہی ہند سے ہونے چاہیئں۔