اسلام آباد: ( کرائم ڈیسک ) وفاقی پولیس کے اہلکاروں کا سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس کے اہلکار شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے، منشیات فروشی اور رشوت لینے میں ملوث نکلے، اہلکاروں کی جانب سے اغوا کاری کا گینگ چلانے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب نے جرائم میں ملوث اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا، برطرف ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل فرخ آفتاب، کانسٹیبل ذوالفقار اور کانسٹیبل رمیز ستی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز علی رضا کی جانب سے اہلکاروں پر مقدمہ درج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب نے کہا ہےکہ اسلام آباد پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔