کراچی: ( کرائم ڈیسک ) کراچی میں دو سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ شہر قائد میں زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی اڑھائی میں دوسیاسی تنظیموں کے درمیان تصادم ہوا، علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، مسلح تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی صورتحال کو کنٹرول کیا، ایس ایچ او عتیق الرحمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ علاقے میں پتنگ بازی پر بچوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا بچوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا دو سیاسی تنظیموں کے کارکنوں میں تصادم کی صورت اختیار کر گیا۔
پولیس کے مطابق ندیم عرف بلا نامی شخص اپنےنامعلوم افراد کے ساتھ آیا اور آصف سبحان نامی شخص کے گھر پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد دوسری تنظیم کے کارکنوں نے بھی فائرنگ شروع کردی ۔
ندیم عرف بلا کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ ارشاد پستولی اور یاسر کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے، ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جوابی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کے دو کارکن اعجاز اور شان زخمی ہوگئے، پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔