لاہور: ( کرائم ڈیسک ) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظرمحکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 71 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد گرفتار کرلیے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور ،میانوالی، بہاولپور ، رحیم یار خان ، ساہیوال ، راولپنڈی ، فیصل آباد، جہلم، چکوال میں کی گئیں ،اس دوران میانوالی سے فتنہ الخوارج اور فیصل آباد سے داعش کا ایک،ایک خطرناک دہشت گرد گرفتارکرلیاگیا۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد ، دو ہینڈ گرنیڈ ، 26 ڈیٹونیٹر ، 73 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں اور اسلحہ ، موبائل فون اور نقدی برآمدکرلی گئی۔ ترجمان کے مطابق دہشت گردوں کی شناخت عبدالکریم ، عثمان ، عمران صدیقی ، شانی ، شوکت ، احمد خان ، شیراز محمود ، سعید الرحمن اور مستجاب کے نام سے ہوئی ہے ۔
ترجمان کابتانا ہے کہ دہشت گرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے میں 978 کومبنگ آپریشنز کے دوران 78 مشتبہ افراد گرفتار کیے ، کومبنگ آپریشنز میں 34694 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔