پنجاب: سی ٹی ڈی کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 33 دہشتگرد گرفتار

لاہور: ( کرائم ڈیسک ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 33 دہشتگرد گرفتار کر لئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں 475 آئی بی اوز آپریشن کئے گئے، کارروائیاں لاہور، گوجرانوالہ، میانوالی، بہاولپور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، رحیم یار خان، بھکر وغیرہ میں کی گئیں۔

حکام کے مطابق کہ کارروائیوں میں لاہور سے کالعدم تنظیم کا خطرناک دہشت گرد گرفتار کیا گیا، مختلف شہروں سے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت خبیب احمد، سیف اللہ، ظہیر احمد، احمد، حافظ مطلوب، حمزہ جاوید وغیرہ کے نام سے ہوئی۔

گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، دھماکہ خیز جیکٹ، 2 ہینڈ گرنیڈ، 26 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 73 فٹ، گولیاں، اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی۔