شہری کی لوکیشن دیکھ کر پولیس بروقت مدد کے لیے پہنچ سکے گی
کراچی ( کرائم ڈیسک ) ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے شہریوں کی سہولت کے لیے پولیس ون فائیو اینڈرائیڈ ایپ کا افتتاح کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے جرائم کے شکار ہونے سے بچانے کے لیے شہریوں کی بروقت مدد کے لیے اینڈرائیڈ ایپ لائونچ کر دی ہے، جسے اپنے موبائل فون پر ڈائون لوڈ کیا جا سکتا ہے، افتتاحی تقریب میں ڈی آئی جی ایسٹ عمران یعقوب نے مددگار پولیس ایپ کے حوالے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ شہری اس ایپ کو ڈائون لوڈ کر لیں، اس کی مدد سے کال کرنے والے شہری کی لوکیشن کو دیکھ کر پولیس بروقت اس کی مدد کے لیے پہنچ سکے گی، اس ایپ کی مدد سے شہری کسی بھی واردات کی رپورٹ بھی بروقت کروا سکتے ہیں، مددگار پولیس ایپ گوگل پلے اسٹور سے ہر شہری بہ آسانی ڈائون لوڈ کر سکتا ہے۔
ادھر کراچی کی صدر موبائل مارکیٹ میں شہریوں نے لوٹ مار کے الزام میں ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا ، پکڑے جانے والا ڈاکو شہری سے موبائل فون چھین رہا تھا، موقع پر موجود لوگوں اور دکانداروں کے ہتھے چڑھ گیا جب کہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے پکڑے جانے والے ڈکیت سے اس کے ساتھی سمیت دیگر پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی۔