اسلام آباد: ( کرائم ڈیسک ) اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی جانب سے مسلح ڈکیتیوں میں ملوث ڈاکوؤں کی سہولت کاری کا انکشاف ہوا ہے۔ مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کو اسلام آباد پولیس کی مکمل پشت پناہی حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے، راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران کی درخواست پر آئی جی سید علی ناصر رضوی اور ڈی آئی جی آپریشنز نے انکوائری کروائی۔
انکوائری میں اسلام آباد پولیس کے افسران کی ڈکیت گینگ کی سہولت کاری ثابت ہوگئی۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایک سب انسپکٹر،ایک اے ایس آئی، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ایک کانسٹیبل کے خلاف ایکشن لیا گیا، ایس ایچ او سب انسپکٹر عاصم غفار کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ سب انسپکٹر ظفر اقبال کی تنزلی کرکے اے ایس آئی بنا دیا گیا ہے، ہیڈ کانسٹیبل محمد ساجد، دو کانسٹیبلز محمد ہارون، محمد نوید کو نوکری سے برخاست کردیا گیا۔