ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے غیرملکی اسلحے کی سمگلنگ ناکام بنادی

برآمد کیے جانے والے اسلحے میں بریٹا برینڈ کے 6 پسٹل، 2 امپورٹڈ رائفلز، 12 میگزین اور 190 راؤنڈز شامل تھے

راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) ریلوے پولیس نے ٹرین کے ذریعے غیرملکی اسلحے کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کی ریلوے پولیس نے جعفر ایکسپریس کی بوگی میں چھپائے گئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کرلی، جس کے بارے میں ریلوے پولیس کو اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جعفر ایکسپریس میں اسلحہ کی بھاری کھیپ موجود ہے جس پر پولیس نے چیکنگ شروع کردی۔
بتایا گیا ہے کہ چلتی ٹرین میں تلاشی کے دوران پٹرولنگ اہلکار ہیڈ کانسٹیبل شہزاد مہدی نے اٹک سٹی سے حسن ابدال کے درمیان بوگی نمبر 7 سے اسلحہ برآمد کیا، برآمد کیے جانے والے اسلحے میں بریٹا برینڈ کے 6 پسٹل، 2 امپورٹڈ رائفلز، 12 میگزین اور 190 راؤنڈز شامل تھے، اسلحے کی برآمدگی کے بعد تھانہ ریلویز پولیس راولپنڈی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
ادھر باٹاپورمیں سرحدپارمنشیات کی سمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکارپکڑاگیا، گرفتارملزم احسن علی پنجاب کانسٹیبلری عباس لائن میں تعینات ہے، ملزم احسن علی ڈرون کے ذریعے منشیات کی کھیپ سرحد پار بھجواتاتھا، ملزم احسن کو منشیات کی کھیپ بھجوانے کی تیاری کرتے ہوئے پکڑاگیا، پولیس نے زیرحراست ملزم کے قبضے سے ڈرون اور منشیات برآمد کرلی، باٹا پور پولیس نے سمگلنگ میں ملوث اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسن علی کے ساتھ اور کتنے لوگ ملوث ہیں اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ انسداد منشیات فورس نے رواں سال کے2 ماہ مارچ اور اپریل کے دوران مختلف ذرائع سے منشیات کی سمگلنگ کی 262 کوششیں ناکام بنائیں جن میں 255 کلوگرام منشیات پکڑی جبکہ 28 ملزم گرفتار کئے گئے، وزارت انسدادمنشیات نے قومی اسمبلی کو مہیا کی گئی دستاویز میں بتایا مختلف ہوائی اڈوں ، بندرگاہوں ،کوریئرو پارسل کمپنیوں کے ذریعے منشیات کی سمگلنگ کی 262 کوششوں کو ناکام بنایا گیا، ان میں سے 31 کیس منشیات کو سعودی عرب لے جانے اور 44 کیس متحدہ عرب امارات لے جانے کے تھے۔
رواں سال مارچ اور اپریل کے مہینوں میں سعودی عرب کے لئے 9 کیسوں میں 10 گرفتاریاں ہوئیں جبکہ 21 کلوگرام سے زائد منشیات پکڑی گئی ، اپریل میں 5 کیسز میں 6 گرفتاریاں ہوئیں اور 8 کلو گرام سے زائد منشیات پکڑی گئی، اسی طرح متحدہ عرب امارات کے لئے مارچ میں 17 کیسز میں 21 افراد گرفتار ہوئے جب کہ اپریل میں 6 کیسز میں 7 گرفتاریاں ہوئیں اور کل 255 کلوگرام سے زائد منشیات پکڑی گئی۔