راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے انسداد تجاوزات اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کے ذریعے شہر بھر میں آپریشن شروع کیا جا چکاہے۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کی جانب سے نوٹیفائی کی جانے اس کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی بطور کنوینر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، سول ڈیفنس آفیسر راولپنڈی بطور ممبر جبکہ آر ڈی اے، پولیس اور ٹریفک پولیس سے نمائندگان بھی شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ابتدائی طور پر مری روڈ کی دونوں اطراف، فوارہ چوک تا راجہ بازار، اقبال روڈ تا فوارہ چوک، کمرشل مارکیٹ سیٹلائٹ ٹاؤن اور ٹرانسفارمر چوک صادق آباد کے علاقوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے گا، جس کے بعد دیگر علاقوں کا رخ کیا جائے گا۔
آپریشن کے دوران لاء اینڈ آرڈر سچویشن کو برقرار رکھنے اورانسداد تجاوزات ٹیم کی معاونت کے لیے آر پی او راولپنڈی سے پولیس کی نفری بھی مانگ لی گئی۔
انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ تجاوزات مافیا کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور اس سلسلے میں تاجر تنظیموں کے عہدے داران کو مطلع کیا جا چکا ہے۔کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، سی ٹی او تیمور خان، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا، سی او میونسپل کارپوریشن عمران علی، سی او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد، صدر انجمن تاجران کے نمائندگان و دیگر متعلقہ آفسران نے شرکت کی۔
کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سی او میونسپل کارپوریشن عمران علی کی جانب سے آپریشن کا آغاز مری روڈ اور کمرشل مارکیٹ سے کیا گیا۔اس دوران پانچ ٹرک سامان ضبط کیے گئے۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ انسداد تجاوزات آپریشن صرف اسی صورت میں کامیاب ہوتا ہے جب اس میں تسلسل ہو۔ انہوں نے انجمن تاجراں کے نمائندگان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے بازاروں میں دکانداروں کو تجاوزات کے خاتمے پر عملدرآمد کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات نے راولپنڈی شہر کے معاملات زندگی کو بری طرح متاثر کر رکھا ہے اس لئے اس میں مزید کوئی نرمی یا دیر نہیں کی جاسکتی۔