مری میں سیاحوں اور مقامی افراد کا جھگڑا

لاتوں، مکوں، ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال، علاقہ میدان جنگ بن گیا

مری ( کرائم ڈیسک ) ملک کے معروف سیاحتی مقام مری میں سیاحوں، دکانداروں اور مقامی افراد کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان لڑائی کا یہ ناخوشگوار واقعہ مری میں مال روڈ پر پیش آیا جہاں سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان پارکنگ و ٹریفک میں خلل پڑنے کی وجہ سے جھگڑے کا آغاز ہوا، اس دوران لاتوں، مکوں اور لاٹھیوں کا آزادنہ استعمال کے نتیجے میں دونوں اطراف متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مال روڈ پر انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا کیوں کہ عماقے میں سیاحوں کی حفاظت کیلئے پروٹیکشن فورس، پولیس اور ڈولفن فورسز سمیت سول ادارے اس قسم کے حالات کے سد باب اور ان سے نمٹنے کے لیے ہر وقت موجود رہتے ہیں تاہم سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان ہونیوالے جھگڑے کے وقت ضلعی انتظامیہ اور پولیس کہیں دکھائی نہ دی، جس کے باعث سیاحوں اور مقامی افراد کے درمیان ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے شروع ہونے والا جھگڑا بعد میں شدت اختیار کرگیا۔