راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے ہولی فیملی ہسپتال سے اغواء ہونے والا بچہ بازیاب کرا کر خواتین سمیت تین ملزمان گرفتار کر لئے۔تفصیلات کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال سے سات ماہ کے بچے کے اغواء کے واقعہ پر سٹی پولیس آفیسر سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او نیوٹاؤن سے رپورٹ طلب کی اور بچے کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ۔
نیوٹاؤن پولیس نے چند گھنٹوں میں مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرلیا، اغوا میں ملوث دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ نیوٹاؤن پولیس کو متاثرہ بچے کے والد نے درخواست دی کہ نامعلوم مرد اور عورتوں نے اس کے سات ماہ کے بچے کو اغواء کر لیا ہے۔سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کے احکامات کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئیں،نیوٹاؤن پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جینس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت احسان الحق، کشور ریحانہ اور مسعود بیگم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔ایس ایچ او نیوٹاؤن نے بچے کو اس کے والدین کے حوالے کردیا۔