لاہور: ( کرائم ڈیسک ) پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کیساتھ مبینہ جعلی نکاح کے معاملہ میں انویسٹی گیشن پولیس نے مرکزی ملزم ساجد مقصود کو گرفتار کر لیا۔
انچارج انویسٹی گیشن مرتضیٰ اسلم نے بتایا کہ ملزم ساجد کا ایک روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا، کل عدالت میں پیش کیا جائے گا، اقبال ٹاؤن پولیس نے خاتون زیب النسا کی درخواست پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق خاتون زیب النسا نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے رقم ہتھیانے کے لیے نکاح کا جھانسہ دیا، ملزم ساجد سے نکاح نامہ لے کر تصدیق کے لئے بھجوا دیا گیا ہے، نکاح نامہ اصل ہے کہ جعلی تصدیق کے بعد تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔
خاتون زیب النسا نے الزام لگایا ہے کہ بتایا کہ ملزم نے میرا مکان فروخت کر کے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے وصول کئے، 60 لاکھ مالیت کے سیونگ سرٹیفکیٹ کیس کروائے اور لاکھوں روپے مالیت کی کار بھی اپنے نام ٹرانسفر کروائی۔
برطانوی نژاد پاکستانی خاتون کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمہ میں آمنہ، ثناء، مقصود احمد، محمد حسین اور عبداللہ کو نامزد کیا گیا ہے۔