پولیس کا انوکھا انداز، ملزموں کو ہوائی فائرنگ اور لاؤڈ سپیکر پر دھمکانے کی ویڈیو وائرل

فیصل آباد: ( کرائم ڈیسک ) فیصل آباد میں پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے انوکھا انداز اپناتے ہوئے دھمکی کا جواب دھمکیوں سے دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ صدر کی حدود کھڈیاں وڑائچاں میں پولیس کی مسجد کے لاؤڈ سپیکر پر ملزمان کو للکارنے اور مسجد کے مرکزی دروازے پر ہوائی فائرنگ کرنے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔

حالیہ دنوں کھڈیاں وڑائچاں کے رہائشی بدنام زمانہ ریکارڈ یافتہ دو ملزمان وہاڑی میں پولیس مقابلے کے دوران مارے گئے تھے، ملزمان کے ساتھیوں کی جانب سے ملزمان کی قبروں پر کھڑے ہو کر پولیس کیلئے دھمکی آمیز ویڈیوز بنائی گئیں۔

ملزمان کے ساتھیوں کی دھمکی کے بعد پولیس نے ملزمان کے گھر کے باہر پہنچ کر شدید ہوائی فائرنگ کی اور دھمکیاں دی گئیں، پولیس نے مساجد میں اعلانات بھی کروائے، بعد ازاں ملزمان کی گرفتاری کے بغیر ہی پولیس اہلکار واپس لوٹ گئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق مارے جانے والے ملزمان کے ساتھی اہل علاقہ کیلئے خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں، ملزمان ڈکیتی، چوری، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب ہیں، پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔