پیر کی مبینہ طور پر اپنے ہی مرید کی بیٹی سے جنسی زیادتی‘ 16 سالہ لڑکی حاملہ ہوگئی

تھانہ چک جھمرہ نے والدہ رضیہ بی بی زوجہ غلام مصطفیٰ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی

چک جھمرہ ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کی تحصیل چک جھمرہ میں پیر نے مبینہ طور پر اپنے ہی مرید کی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں 16 سالہ متاثرہ لڑکی حاملہ ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 188 رب میں پیش آیا، جس کے بارے میں متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ ’اس کی والدہ نے پیر کے پاس کام کاج کے لئے چھوڑا تھا، پیر زبردستی اس کو کمرے میں لے جاکر وہاں اس کے ساتھ جنسی زیادتی کرتا رہا‘، جب کہ لڑکی کی والدہ نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ ’ٹیسٹ کروانے پر پتہ چلا کہ لڑکی حاملہ ہے‘، تھانہ چک جھمرہ نے والدہ رضیہ بی بی زوجہ غلام مصطفیٰ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

بتایا جارہا ہے کہ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے چک جھمرہ میں گھریلو ملازمہ سے پیر کی زیادتی کے سنگین واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے، انہوں نے سی پی او فیصل آباد، کامران عادل سے فوری رابطہ کیا اور ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت دی، صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو مظلوم خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ انصاف کے تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں کی، ملزم کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ایسے سنگین جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی و اخلاقی مدد فراہم کی جائے گی، پولیس کی جانب سے اس کیس کی تفتیش میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے اور ملزم کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔