پشاور: ( کرائم ڈیسک ) پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے رکشے میں جانے والی خواتین پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں خواتین کے چہرے جھلس گئے۔
تفصیلات کے مطابق تیزاب گردی کا افسوسناک واقعہ پشاور کے علاقے ٹاؤن آبدرہ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے رکشے میں سوار خواتین کا تعاقب کیا اور موقع پا کر تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے، تیزاب گرنے سے خواتین کے چہرے بری طرح جھلس گئے ہیں۔
واقعے کے بعد متاثرہ خواتین کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس نے متاثرہ خواتین کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا، مقدمے میں دو موٹرسائیکل سوار افراد کے ساتھ سابق شوہر اور اس کے ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
خاتون نے الزام لگایا ہے کہ یہ کام میرے سابق شوہر اور اس کے ڈرائیور کے ایما پر دو نامعلوم افراد نے کیا ہے، سابق شوہر مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا، ایف آئی آر کے مطابق تیزاب گردی سے رکشے میں سوار 4 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
جبکہ دوسری جانب پشاور میں آبدرہ روڈ پر رکشے میں سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نقاب پوش 2 موٹر سائیکل سوار لڑکے رکشے کا پیچھا کرتے ہیں اور آبدرہ روڈ پہنچتے ہی پیچھے بیٹھا لڑکا رکشے میں سوار خواتین پر تیزاب پھینک کر فرار ہو جاتا ہے، پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے۔