پولیس نے ملزم طیب راجپر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد اس کو حوالات میں بند کردیا
نوشہرو فیروز ( نیوز ڈیسک ) صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں 15 دن کی بچی کو والد نے زندہ دفن کر دیا۔ پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ٹھارو شاہ کے علاقے میں گائوں فوٹو راجپر میں پیش آیا جہاں والد طیب راجپر نے علاج کے پیسے نہ ہونے پر اپنی 15 دن کی نو مولود معصوم بچی کو زندہ دفن کردیا، اس واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی نوشہروفیروز کے حکم پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم طیب عرف مچھر راجپر کو گرفتار کرلیا جس کے بعد مجرم نے اعتراف جرم کرلیا اور دفن کی گئی 15 دن کی بچی کی قبر کی نشاندہی کی، عدالتی حکم لینے کے بعد قبرکشائی کرواکر پوسٹمارٹم کروایا جائے گا جب کہ پولیس نے ملزم طیب راجپر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد اس کو حوالات میں بند کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ بچی کوپیدائش سے ہی خون کی کمی تھی، ڈاکٹروں نے حیدرآباد لے جانے کا مشورہ دیا لیکن بچی کے والد نے بتایا کہ ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ بچی کا حیدرآباد میں علاج کراتے اس لیے علاج کے پیسے نہ ہونے کے باعث معصوم بچی کو بوری میں بند کرکے دفن کردیا، اس سے پہلے بچی کو محلہ میں پڑوسیوں کو دیا مگر انہوں نے واپس کردی تھی، مجھ سے غلطی ہوگئی مجھے معاف کردو۔