غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کو گرفتارکرلیا گیا،قیدی کبیر خان، محمد صدیق اور عصمت اللہ واش روم کا روشن دان توڑ کر پیچھے چھلانگ لگا کر فرار ہوئے تھے
کوئٹہ( کرائم ڈیسک ) بلوچستان کے ضلع دکی کی سب جیل سے تین قیدی روشندان توڑ کر فرار ہو گئے ، غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا،جیل سے فرار 3 خطرناک قیدی 26 گھنٹے گزرنے کے باوجود دوبارہ گرفتار نہ ہو سکے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے قیدیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیاہے ۔دکی میں قائم سب جیل سے ڈکیتی کے دو مختلف مقدمات میں قید 3 قیدی کبیر خان، محمد صدیق اور عصمت اللہ واش روم کا روشن دان توڑ کر پیچھے چھلانگ لگا کر فرار ہوئے تھے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او دکی تھانہ جلیل احمد مری کے مطابق پولیس تھانہ دکی میں قائم سب جیل میں قتل اور ڈکیتوں میں ملوث 13 قیدی قید تھے ان قیدیوں کو صبح واش روم جانے کیلئے حوالات سے باہر نکالا گیا تھا۔
تین قیدی عصمت اللہ ،کبیر اور صدیق لاک اپ کا روشندان توڑ کرفرار ہو گئے۔ فرار ہونے والے تینوں قیدی ڈکیتی کے دو مختلف واقعات میں قید تھے۔
دوقیدیوں کا تعلق پشین جبکہ ایک کا تعلق سنجاوی سے ہے۔قیدیوں کے فرار ہونے پر تین پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس نے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش شروع کر دی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔دوسری جانب آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان نے قیدیوں کے فرار کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ ایس ایچ او کی مدعیت میں فرار 3 قیدیوں اور غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں حوالدار گل غنی، جیل وارڈن گل خان اور گیٹ سنتری اسماعیل مری کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس پی دکی نے ایک انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو اس بات تعین کرے گی کہ آیا قیدیوں کو فرار کرایا گیا ہے یا غفلت کے باعث وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔واضح رہے کہ دو روز قبل راولا کوٹ ڈسٹرکٹ جیل سے موت کی سزا پانے والے اور دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث انتہائی خطرناک 13 قیدیوں سمیت 20 قیدی گزشتہ روز جیل توڑ کر فرار ہو گئے تھے۔فرار ہونے والے قیدیوں میں ثاقب مجید،فیصل، اسامہ مرتضیٰ،ساجد نذیر،کمانڈر شہزاد، بیت اللہ کلیم، مکرم فیصل، عامر عبداللہ، آصف،سہیل رشید، شامیر، نادر یٰسین، عثمان، خیام، عمامم مصطفیٰ، فیضان عزیز، شبیر عاقل اور نعمان آصف شامل ہیں، جیل کے اندر اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا ایک اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈالیں اور جیل سے باہر نکل کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے جبکہ ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے قیدیوں کے فرار کے معاملے پر جیل سیکیورٹی پر مامور 7 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ایس ایس پی ریاض مغل کے مطابق قیدیوں کے فرار ہونے میں جیل عملہ ملوث ہوسکتا ہے، اس لیے سیکیورٹی کے 7 اہلکار گرفتار کئے گئے تھے۔