شہریوں کو حبس بیجا میں رکھنے اور بدعنوانی پر راولپنڈی پولیس کے چھ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج ،ملزمان گرفتار

راولپنڈی ( کرائم ڈیسک ) شہریوں کو حبس بیجا میں رکھنے اور بدعنوانی پر راولپنڈی پولیس کے چھ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق شہریوں کو حبس بیجا میں رکھنے اور بد عنوانی کی شکایت پر سی پی او سید خالدہمدانی نے نوٹس لے لیا۔
سی پی او کے احکامات پر تھانہ ٹیکسلا کے کانسٹیبل زاہد اور کانسٹیبل مجتبیٰ سمیت 06 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کر لیا گیا،دیگر ملزمان میں احتشام حیدر، طیب طاہر، شاہد اقبال اور لیڈی نادیہ امام شامل ہیں، پولیس اہلکاروں زاہد اور مجتبیٰ کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دی گئی۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھاکہ راولپنڈی پولیس خود احتسابی اور شفافیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہے، اختیارات سے تجاوز اور بدعنوانی قطعی برداشت نہیں، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔