آر ڈی اے نے لکھو روڈ راولپنڈی پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ فیکٹری کو سر بمہرکر دیا

راولپنڈی( کرائم ڈیسک ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی کی ہدایت پر آر ڈی اے کے انفورسمنٹ سکواڈ نے لکھو روڈ راولپنڈی پر واقع پلاسٹک ٹینک فیکٹری کے نام سے مشہور ایک غیر مجاز عمارت کو سر بمہر کر دیا ہے۔ ترجمان آرڈی اے کے مطابق انفورسمنٹ سکواڈ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول کی قیادت میں بلڈنگ انسپکٹرز اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل نے تھانے نصیر آباد پولیس سٹیشن کے تعاون سے آپریشن کیا اور مذکورہ غیر قانونی تجارتی عمارت کو سر بمہر کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے اس سے قبل سیل کی گئی مذکورہ جائیداد کے مالک غلام اکبر کو تین نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس جائیداد کے مالک نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کی اور بغیر منظوری اور این او سی کے غیر قانونی کمرشل عمارت تعمیرکی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات، غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر کے سخت کارروائی جاری رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات، عمارتوں کے منصوبوں کی منظوری کے لیے فیس اور چارجز کے حوالے سے سروے کریں اور کنٹرولڈ ایریا میں تمام غیر قانونی رہائشی کمرشل عمارتوں کو ریگولرائز کریں۔ آر ڈی اے عوام الناس پر زور دیتا ہے کہ وہ مزید نقصانات کو روکنے کے لیے کسی بھی قسم کی تجاوزات کو ہٹانے کی اخلاقی ذمہ داری نبھائیں۔