لاہور میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی کمپنی کے مالک کو قتل کر دیا

کمپنی کا مالک ملازمین پر بہت سختی کرتا تھا اس لیے اسے قتل کیا۔ ملزم کو پولیس کو ابتدائی بیان

لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سکیورٹی گارڈ نے اپنی ہی کمپنی کے مالک کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ غالب مارکیٹ میں اس وقت پیش آیا جب نجی سکیورٹی کمپنی کا مالک غلام رسول آج صبح دفتر آنے کے لیے گاڑی میں اپنے آفس کی پارکنگ میں پہنچا، اس دوران وہ کار کی ڈِگی سے سامان نکال رہا تھا کہ سکیورٹی گارڈ مدنی جلیل نے اس پر فائرنگ کردی، جس کے بعد ملزم نے مقتول کے قریب آ کر اس کے سر میں بھی گولی مار دی اور اپنی ہی کمپنی کے مالک کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد مارکیٹ کے لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرکے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا اور واقعے کی تفتیش شروع کر دی، ملزم کی جانب سے پولیس ابتدائی بیان بھی رکارڈ کروا دیا ہے، جس میں اس نے مؤقف اختیار کیا ہے نجی سکیورٹی کمپنی کا مالک اپنے ملازمین پر بہت سختی کرتا تھا اس لیے اسے قتل کیا۔