لاہور: باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والا بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا

لاہور: ( کرائم ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سفاک باپ کے تشدد سے زخمی ہونے والا بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں خبیب نامی شخص کسی بات پر غصے میں آپے سے باہر ہو گیا اور اپنے 3 سالہ بیٹے ارشمان کو ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، اس دوران ملزم نے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر ضربیں لگائیں۔

بچے کے سر پر زور سے ڈنڈا لگنے کی وجہ سے خون بہنے لگا اور وہ بیہوش ہوگیا، بچے کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا، پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔