مزاحمت پر 2 شہری زخمی، 2 ملزم گرفتار، خاتون کی پارلر میں واردات

کراچی: (کرائم ڈیسک ) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر 2 افراد زخمی جبکہ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزم گرفتار کر لیے، خاتون پارلر سے بیگ اور موبائل لے کر فرار ہو گئی۔

کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولی مار دی، متاثرہ شخص کی شناخت بابر کے نام سے ہوئی اور وہ ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کر رہا تھا، اورنگی ٹاؤن میں بھی ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا جسے ہسپتال پہنچا دیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں 50 سی کے قریب پولیس کیساتھ مبینہ مقابلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزمان کی شناخت فیضان اور مہران کے ناموں سے ہوئی، دونوں سے دو پستول، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد ہوا۔

ادھر کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے کارروائی کر کے رکشے میں لوٹ مار کرنے والا گینگ حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور رکشہ برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا اور قانونی شروع کر دی۔

کراچی کے علاقے محمود آباد میں خاتون ملزمہ موٹر سائیکل سوار شخص کے ہمراہ پارلر میں داخل ہوئی اور پارلر کی مالکہ کا بیگ اور موبائل فون اٹھا کر فرار ہو گئی، متاثرہ خاتون نے ملزمہ کیخلاف تھانے میں درخواست دے دی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔