آرڈی اے نے ترقیاتی کام اور تشہیری مہم پر دو غیر قانونی نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کو نوٹس جاری کردئیے

راولپنڈی( نیوز ڈیسک ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی کی ہدایت پر میٹرو پولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے دو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں موضع ہرنال، گوجر خان میں واقع زاک سٹی اور موضع اڈھوال تحصیل راولپنڈی میں واقع ہون فارم ہائوس کو منظوری کے بغیر ترقیاتی کام اور مارکیٹنگ کرنے کی وجہ سے مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔
ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ آر ڈی اے نے موضع گلی میں منظور شدہ ہائوسنگ سکیم بحریہ ٹائون فیز VIIIکو منظور شدہ لے آئوٹ پلان(ایل او پی)کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تجاوزات، پلاٹنگ/کٹنگ اور مارکیٹنگ کی وجہ سے مالک کو بھی نوٹس جاری کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیمیں عوام الناس کو دھوکہ دہی سے پلاٹ خریدنے اور ان کی زندگی کی کمائی کی جمع پونجی چوری کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔ مزید یہ کہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے اسپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ و غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این او سی منظوری حاصل کرنے کے لیے آرڈی اے سے رابطہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضی کی ہدایت پر عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ اسے آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pkپر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان اور اسپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے سائبر کرائم ونگ، ایف آئی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ عوام کو ان کے گھپلوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کے مالکان کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم رولز2021کے قاعدہ37کے تحت بھی قابل ذکر ہیں۔ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔