آئی جی اسلام آباد کا سعودی شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی اطلاعات کا نوٹس، ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری

اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) انسپکٹر جنرل ( آئی جی )اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے سعودی شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی اطلاعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈیجیٹل سرویلینس ، سیلولر ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹلیجنس کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کر دیئے ۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق سعودی شہریوں سے موبائل فون چھیننے کی اطلاعات پر آئی جی اسلام آباد نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ۔ایس پی ( او سی یو )کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل سرویلینس ، سیلولر ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹلیجنس کو بروئے کار لایا جارہا ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔