مظہر کا اپنی بیوی ماریہ سے جھگڑا ہوا تھا،ماریہ اپنے شیر خواربچے کو لینے آئی تو مظہر نے بچہ دینے سے انکار کیا،تلخ کلامی اور جھگڑا ہونے پر مظہر نے غصے میں اپنی ہے معصوم بچے کے سینے پر دباﺅ ڈالا جس سے بچہ دم تو ڑگیا
لاہور( کرائم ڈیسک ) لاہور کے علاقے جوہر ٹاﺅن میں شوہر نے بیوی سے لڑائی کا غصہ اپنے ہی لخت جگر پر اتار دیااور تین ماہ کے بچے کی جان لے لی،تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے رہائشی مظہر کا چند روز قبل اپنی بیوی ماریہ سے جھگڑا ہوا تھا ۔ماریہ اپنے شیر خوار تین ماہ کے بچے ذیشان کو جب لینے گئی تو مظہر اور اس کی بہنوں نے بچہ دینے سے انکار کیا ۔
اسی دوران دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا جس کے باعث غصے میں آکر مظہر نے اپنے تین ماہ کے بچے کی چھاتی پر دباﺅ ڈالا جس سے بچے کی حالت غیر ہوگئی ۔معصوم تین ماہ کے ذیشان کی حالت خراب ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا۔پولیس نے ماریہ کی درخواست پر مظہر اور اس کی بہنوں کیخلاف قتل کامقدمہ درج کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی پنجاب کے شہر مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں شوہر نے اپنی بیوی اور 7 بچوں کی جان لے لی تھی۔ تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیاتھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئی جی پنجاب کو کیس کی مکمل تحقیقات کر کے ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دے دیا تھا۔پولیس کے مطابق لرزہ خیز واقعہ مڈ والا میں پیش آیاتھا۔ جہاں غربت اور تنگ دستی کی وجہ سے سجاد کھوکھر نامی شخص نے اپنے بیوی اور 7 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔
قتل ہونے والے بچوں کی عمریں 6 ماہ سے 8 سال کے درمیان تھیں۔ تمام افراد کی میتیں سول ہسپتال علی پور منتقل کر دی گئیں تھیں۔ملزم سجاد نے بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس تھانہ صدر نے بروقت پہنچ کر اسے گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کرلیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ایک ٹانگ سے معذور اور درزی کا کام کرتا ہے، ملزم سے قتل کی وجوہات جاننے کیلئے تفتیش شروع کر دی تھی۔