اے این ایف کی کارروائی،کارگو کے ذریعے بیرون ملک بھاری مقدار میں آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام

کارگو بھیجنے والے لاہور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے آئس کو کپڑے سے علیحدہ کرنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے

لاہور( کرائم ڈیسک ) اے این ایف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران کارگو کے ذریعے بیرون ملک بھاری مقدار میں آئس سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، کارگو بھیجنے والے لاہور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے آئس کو کپڑے سے علیحدہ کرنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
اے این ایف حکام کے مطابق منشیات کپڑوں میں جذب کر کے شارجہ اسمگل کی جا رہی تھی۔آئس کو کپڑے سے علیحدہ کرنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد آئس کی درست مقدار کا تعین ہو گا ۔ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف)نے مختلف کارروائیوں کے دوران منشیات سمگلنگ کے خلاف 9 کارروائیوں میں 97 کلوگرام منشیات برآمدکرکے 10 ملزمان گرفتارکرلئے تھے۔

اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ابو ظہبی جانے والے مسافر سے 2.7 کلو گرام چرس برآمدکی گئی تھی۔کراچی ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر اور سہولت کار سے 23580 نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں تھیں۔کراچی ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 2 کلوگرام آئس برآمدکی گئی۔کراچی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں تھائی لینڈ جانے والے مسافر سے 868 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔آر سی ڈی روڈ حب سے 67 کلو گرام ہیروئن برآمدکی گئی تھی۔طورخم بارڈر کے قریب سے 14 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب دو خواتین سے 4 کلوگرام آئس برآمدکی گئی تھی۔