مقتولہ کا اپنے دیوراور جیٹھ سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس
لاہور ( کرائم ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر زمین کے تنازعہ پر ماں بیٹے کو قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں 2 موٹرسائیکل سواروں نے ماں بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جن کی شناخت 16 سالہ عبدالرحمن اور 33 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی، پولیس نے مقتولین کی لاشوں کو مردہ خانے منتقل کردیا، واقعے کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ عائشہ نے دوسری شادی کی ہوئی تھی اور مقتولہ کا اپنے دیور اور جیٹھ سے جائیداد کا تنازعہ چل رہا تھا، جس کی وجہ سے مبینہ طور پر انہوں نے فائرنگ کرکے دونوں کو موت کےگھاٹ اتاردیا ،جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ملز مان کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
جبکہ ایک اور واقعہ میں سندھ کے شہر نوابشاہ میں زمین کے تنازع پر ڈاہری برادری کے دو گروپوں میں خونیں تصادم کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے، یہ واقعہ نوابشاہ کے نواحی گاؤں حاجی واحد بخش ڈاہری میں پیش آیا جہاں ڈاہری برادری کے دو گروپ آپس میں جھگڑ پڑے اس دوران گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں 6 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او خالد حسین لاکھیر نے بتایا کہ جھگڑے کے واقعے میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق اور 6 افراد شدید زخمی ہوئے، واقعے میں جاں بحق ایک شخص کی لاش اور تمام زخمیوں کو پیپلز میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال اور دیگر پانچ لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جب کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے، اسی لیے مزید کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری وہاں تعینات کر دی گئی۔