ایف آئی اے کی کارروائی، غیرقانونی پاسپورٹ بنانے میں ملوث افغان شہری سمیت 4 ملزمان گرفتار

گرفتار ملزمان میں ایجنٹ اور سہولت کار بھی شامل ہیں،ملزم مجیب اللہ نے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی،ترجمان ایف آئی اے

کراچی ( کرائم ڈیسک ) ایف آئی اے نے کراچی میں غیرقانونی پاسپورٹ بنانے میں ملوث افغان شہری سمیت 4 ملزمان کو گرفتارکرلیا،گرفتار ملزمان میں ایجنٹ اور سہولت کار بھی شامل ہیں،ملزم مجیب اللہ نے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں پاسپورٹ آفس صدر کے باہر سے4ملزمان کوگرفتار کرلیا ۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان میں مجیب اللہ، حماد احمد، محمد انیس اور غلام عباس شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزم مجیب اللہ کا اصل نام زرداد اور تعلق افغانستان سے ہے، ملزم چند ماہ قبل غیرقانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے پاکستان پہنچا تھا۔
ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم والدہ کے علاج کیلئے پاکستان آیا تھا، ملزم نے جعلسازی سے مجیب اللہ کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈبھی حاصل کیا، ملزم کے قبضے سے امیراں بی بی کے نام سے شناختی کارڈ کی کاپی بھی برآمد ہوئی۔

ایف آئی اے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دیگر ملزمان سے پاسپورٹ فیس کے چالان، شناختی کارڈز کی کاپیاں، امیراں بی بی کا اصل شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم ڈیتھ سرٹیفکیٹس بھی برآمد ہوئے۔ افغان شہری نے سہولت کاروں کی مدد سے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایف آئی اے نے افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور نادرا کے 4 افسران سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے افغان باشندوں کو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے والے بین الاقوامی ریکٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز، 4 ایجنٹس، 5 افغان شہریوں کو گرفتار کر لیاتھا۔