خاتون کو اسلام آباد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا، خاتون جس گاڑی میں سوار تھی وہ بھی قبضے میں لے لی گئی
اسلام آباد ( کرائم ڈیسک ) موٹروے پر پولیس اہلکار کو ٹکر مار کر فرار ہونے والی خاتون گرفتار کر لی گئی، گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پر پولیس اہلکار کو ٹکر مار کر فرار ہونے والی خاتون کی گرفتاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ خاتون کو گرفتاری کے بعد راولپنڈی پولیس نے تحویل میں لیا ہے، گرفتاری اسلام آباد پولیس کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔ راولپنڈی پولیس کے ذرائع کے مطابق خاتون کو اسلام آباد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا جس کی شناخت فرح کے نام سے ہوئی۔ اس کاروائی کے دوران وہ گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی جس سے موٹروے پولیس اہلکار کو ٹکر ماری گئی تھی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ خاتون اسلام آباد کلب سے روانہ ہوئی تو پولیس نے تعاقب کیا اور لیڈی اہلکاروں کی مدد سے خاتون کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ خاتون کے خلاف کار سرکار میں مداخلت، اقدام قتل، پولیس اہلکار پر تشدد اور مزاحمت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ واقعے کی فوٹیج گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر شہریوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے خاتون کیخلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک خاتون ڈرائیور کی موٹر وے پولیس افسر سے بد تمیزی اور ایک افیسر کو گاڑی تلے روندنے کی کوشش سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا واقعہ پرانا ہے اور اس کی ایف آئی آر بھی درج کرائی جا چکی ہے۔ ترجمان موٹر وے ناررتھ زون انسپکٹر ثاقب وحید نے جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فوٹیج پرانی ہے یہ واقعہ یکم جنوری 2024 کو اسلام آباد ٹول پلازہ پر پیش آیا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی خاتون ڈرائیور کے خلاف تھانہ نصیرآباد ضلع راولپنڈی میں سیکشن 279، 186، 337 جی اور 427 کے تحت ایف آئی آر درج کروا دی گئی تھی ۔