سوات یونیورسٹی میں خود کو فوجی افسر ظاہر کرنے والا شخص ساتھیوں سمیت گرفتار

الہ آباد کا رہائشی عمرعلی یونیورسٹی کے اندر جانے کی کوشش کر رہا تھاشک گزرنے پر تفتیش کی تو پتہ چلا کہ فوجی افسر بننے کا ڈرامہ رچایا جا رہا تھا ،پولیس

سوات( کرائم ڈیسک ) سوات یونیورسٹی میں خود کو فوجی افسر ظاہر کرنے والے شخص کو2 مسلح ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیاہے،سوات کے علاقے الہ آباد کا رہائشی عمرعلی زبردستی یونیورسٹی کے اندر جانے کی کوشش کر رہا تھا۔تفصیلات کے مطابق سوات یونیورسٹی میںداخلے کی کوشش کرنے والے نوجوان عمر علی کو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ یونیورسٹی میں داخل ہونے کیلئے خود کو فوجی افسر ظاہر کررہا تھا ۔
عمر علی اور اس کے ساتھیوں پر شک گزرنے پر پولیس نے اس سے روک کر تفتیش کی اور اس سے یونیورسٹی کا شناختی کارڈ طلب کیا اس دوران وہ پولیس پرخود کو فوجی افسر بن کر رعب ڈالتا رہا جب پولیس نے مزید تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ عمر علی نے یونیورسٹی کے اندر جانے کیلئے جعلی فوجی افسر کا ڈرامہ رچایا تھا۔
چار باغ پولیس کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کی شکایت پر تین ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے جبکہ مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔

واضح رہے کہ چند روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے خود کو نیب کا ڈی جی ظاہر کرکے ‘سرکاری افسران سے غیر قانونی کام’ کروانے والے مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر ملزم محمد ندیم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔نیب نے اپنے بیان میں کہاتھا کہ گزشتہ 2 برس میں نیب کے جعلی افسران بن کر عوام الناس کو لوٹنے والے 9 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ۔
نیب کی جانب سے اپنے بیان میں عوام سے درخواست کی گئی تھی کہ ‘اگر کوئی جعلی افسر بن کر کسی کو ٹیلی فون پر رابطہ کرتا ہے تو اس کی اطلاع ترجمان نیب کو دی جائے تاکہ اس کیخلاف فوری ایکشن لیا جائے۔چیئرمین نیب کی جانب سے ٹیلی فون پر نیب کے کسی افسر کو کسی بھی گواہ یا ملزم سے بات نہ کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔