نویں کلاس کا طالب علم ٹک ٹاک بناتے ہوئے اپنے ہی دوستوں کا فائر لگنے سے جاں بحق ہوگیا،مقتول ثاقب اور اسکے دوست نہر کنارے پسٹل کے ساتھ ٹک ٹاک بنا رہے تھے کہ گولی چل گئی
بورے والا ( نیوز ڈیسک ) پنجاب کے علاقے بورے والا میں تھانہ گگومنڈی کے قریب ٹک ٹاک کے جنون نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، نویں کلاس کا طالب علم ٹک ٹاک بناتے ہوئے اپنے ہی دوستوں کا فائر لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ گگومنڈی کے گاوں221/ای بی نہر کے قریب مقتول ثاقب اور اسکے دوست نہر کنارے پسٹل کے ساتھ ٹک ٹاک بنا رہے تھے کہ گولی چل گئی اور سر میں گولی لگنے سے ثاقب موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا، مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ثاقب کا موبائل جس میں آخری ٹک ٹاک بنائی گئی اس کا پاسورڈ ملنے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد تفتیش کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی ہے۔
ؒخیال رہے کہ چند روز قبل بھی فیصل مسجد میں ٹک ٹاک بناتے نوجوان گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ کابل سے تعلق رکھنے والا نوجوان اسلام آباد میں واقع فیصل مسجد کی پہلی منزل پر ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک اپنا توازن کھونے پر نیچے گر گیا تھاجس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں تھیں۔نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیاتھا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیاتھا۔
مرنے والے نوجوان کی شناخت مسیح اللہ کے نام سے ہوئی جو اپنی فیملی کے ساتھ فیصل مسجد آیا ہوا تھا، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی تھی۔پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد بتایا ہے کہ نوجوان فیصل مسجد کی پہلی منزل کی حفاظتی دیوار پر چڑھ کر ٹک ٹاک بناتے ہوئے نیچے گراتھا۔ نوجوان کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکاتھا۔