ٹریول ایجنٹ کے پاس ایرانی سفارت خانے اور پاکستان کے فارن آفس سے پاسپورٹ ایران لے جانے کے اجازت نامے موجود تھے
کراچی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے دبئی جانے والے 49 پاسپورٹ رکھنے والے مسافر کو قانونی شواہد پیش کرنے پر رہائی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے پاسپورٹ سیل نے کراچی ایئر پورٹ سے 49 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہونے پر گرفتار مسافر کو قانونی جواز پیش کرنے پر رہا کر دیا، محمد عدنان کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا اور اس کے قبضے سے 49 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جارجیا کا سفارتخانہ نہیں ہے، پاکستانی شہریوں کے جارجیا کے ویزوں کے لیے پاسپورٹس ایجنٹس کی مدد سے قریبی ملک میں موجود جارجیا کی ایمبیسی میں جمع کرائے جاتے ہیں، مذکورہ ٹریول ایجنٹ کے پاس ایرانی سفارت خانے اور پاکستان کے فارن آفس سے پاسپورٹ ایران لے جانے کے اجازت نامے موجود تھے، مذکورہ پاسپورٹ تہران میں جارجیا کے سفارتخانے میں جمع کرائے جانے تھے جہاں سے ویزے لگنے کے بعد ایجنٹ نے وہ پاسپورٹ پاکستان لاکر مذکورہ شہریوں کو دینے تھے۔
حکام نے بتایا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد ایجنٹ کو پاسپورٹ واپس کرکے ایران جانے دیا جائے گا، جارجیا سفارتخانے کے اجازت نامے کی تصدیق کے لیے ایف آئی اے نے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، وزارت خارجہ سے اجازت کی تصدیق کے بعد ایجنٹ پاسپورٹ ایران لے کر جاسکتا ہے، تصدیق نہ ہونے پر عدنان کو دوبارہ گرفتار کر کے مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے کراچی میں کارروائی کے دوران ایران کے مسافر سے 49 پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیے تھے، مسافر محمد عدنان فلائی دبئی کی پرواز سے کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا، جناح ٹرمینل پر سامان کی اسکیننگ کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے پاسپورٹس کی نشاندہی کی، سامان کی دستی تلاشی کے دوران بیگ سے 45 پاسپورٹس برآمد کیے گئے، غیر متعلقہ افراد کے پاسپورٹس کی موجودگی کے حوالے سے مسافر کا مؤقف غیر تسلی بخش تھا، جس کی وجہ سے مسافر اور برآمد شدہ پاسپورٹس کو اے ایس ایف نے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا تھا۔