لاہور: (کرائم ڈیسک) امیربالاج قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ، قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم طیفی بٹ اور گوگی بٹ کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ہیڈ نے تصدیق کر دی ، ڈی آئی جی آرگنائزڈکرائم کے مطابق طیفی بٹ کی گرفتاری کے لیے آئندہ چند روز میں ٹیم بیرون ملک جائے گی۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم کاکہنا ہے کہ گوگی بٹ پاکستان میں روپوش ہے ، دونوں نامزد ملزمان کو تفتیش کے بعد بذریعہ عدالت اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے ، دبئی پولیس نے طیفی بٹ کی گرفتاری کے لئے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار نہ ہونے پر دونوں نامزد ملزمان کی لاہور میں موجود جائیداد قرقی کے احکامات بھی حاصل کئے جائینگے، بالاج قتل کیس کی تفتیش تقریبا مکمل ہو چکی ہے اور تمام تانے بانے طیفی بٹ سے ملتے ہیں۔
واضح رہے 19 فروری کو ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے تھے، قتل کا مقدمہ پولیس نے تھانہ چوہنگ میں درج کر رکھا ہے۔