لودھراں : (کرائم ویب ڈیسک ) پنجاب کے ضلع لودھراں میں شوہر نے مبینہ طور پر حاملہ بیوی اور ڈیڑھ سالہ بیٹی کو قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ دوہرے قتل کی یہ واردات لودھراں کی تحصیل کہروڑپکا کے علاقے مسہ کوٹھا میں ہوئی، جہاں عرفان نامی شخص کا گھر میں اپنی حاملہ بیوی رقیہ سے جھگڑا ہوا تو اس کی بیوی نے مبینہ طور پر اس کے منہ پر تھپڑ دے مارا۔
جس پر عرفان نے مبینہ طور پر پہلے اپنی بیوی کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے قتل کیا، اس کے بعد اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کے منہ پر تکیہ رکھ کر اسے بھی موت کے گھاٹ اتاردیا۔
پولیس تھانہ صدر کہروڑپکا نے ماں بیٹی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے کہروڑپکا ہسپتال منتقل کردیں جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے جائے واردات سے قتل میں استعمال ہونے والے شواہد حاصل کرلیے۔
پولیس کے مطابق دونوں میاں بیوی آپس میں رشتہ دار تھے اور اکثر ان میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا۔