پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایک ہزارکلو مردہ جانور کا گوشت اور سینکڑوں لیٹرناقص آئل پکڑ لیا

برآمد شدہ مضر صحت گوشت رمضان المبارک کے دوران ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، 3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے کردیئے گئے، ڈی جی عاصم جاوید

لاہور( کرائم ڈیسک ) جعلساز مافیا رمضان کے مبارک مہینے میں بھی باز نہ آیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی سربراہی میں فوڈسیفٹی ٹیموں کا صحت دشمن مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹیموں کی راوی ٹاؤن اور انار کلی فوڈ سٹریٹ میں سحری پوائنٹس اور رول پٹی پکوڑیاں یونٹس کی چیکنگ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 13پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس میں سے3 یونٹس بند، 2 مقدمات درج، 8 پوائنٹس کو 2 لاکھ 10 ہزار کے جرمانے اور 2 کو معمولی نقائص پراصلاحی نوٹسز جاری کردیے گئے اور1 ہزار کلو مردہ و مضر صحت گوشت، 800 لٹر ناقص زائد المیعاد آئل اور 500 کلو سے زائد گندے آئل سے تیار پکوڑیاں، رول پٹی تلف کردی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق گاڑی نمبر ایل ای ایس۔
3434 سے ایک ہزار کلو بیمار اور مردہ جانور کا گوشت برآمد کر کے تلف کیا گیا، برآمد شدہ مردہ جانور کا مضر صحت گوشت تیار کر کے رمضان المبارک میں ریسٹورنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا، ناقص اور مضر صحت آئل سے پکوڑیاں اور رول پٹی تیار کی جارہی تھی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، پکوڑیاں، رول پٹی تیاری کے بعد ٹوٹے فرش پر بغیر ڈھانپے رکھی پائی گئیں، انتہائی لازم آئل تبدیلی ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل، ٹریننگ سرٹیفکیٹ عدم موجود پائے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ سیفٹی کی بروقت کارروائی سے ناقص تیار گوشت ضبط کر کے پیمکو بٹھی میں جلا تلف کر دیا گیا علاوہ ازیں عاصم جاوید ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا ماہ صیام میں صوبہ بھر میں ٹیمیں 3 شفٹوں میں دن رات فیلڈ آپریشن جاری رکھیں گی،ناجائز منافع خوروں کو صحت کیساتھ کھلواڑ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پنجاب کے باسیوں تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔