سکھر: ( کرائم ڈیسک ) پنوعاقل میں مہر اور جتوئی قبائل میں تصادم کے دوران قتل ہونے والے چھ افراد کی نماز جنازہ ادا کر کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
نماز جنازہ گاؤں اسماعیل جتوئی میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں جتوئی برادری کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، تصادم میں جاں بحق 6 افراد کا تعلق جتوئی قبیلے جبکہ ایک کا تعلق مہر برادی سے تھا۔
مقتولین میں ولی محمد، امام الدین، خوش محمد، پٹھان، شہوال اور عظیم جتوئی شامل ہیں ، گزشتہ روز دونوں قبائل میں ہونے والے تصادم میں سات افراد قتل ہوئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں قبائل کے درمیان عرصہ دراز سے زمین کی ملکیت کا تنازع چل رہا ہے، جس کے باعث گزشتہ روز بھی خونیں تصادم ہوا۔