سنگین جرائم میں مطلوب 6 اشتہاری ملزمان یواے ای سے گرفتار

اسلام آباد: (کرائم ڈیسک) ایف آئی اے کا اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے بیرون ملک آپریشن جاری ہے، ایف آئی اے انٹرپول نے قتل کے مقدمے میں مطلوب 6 اشتہاری ملزمان یو اے ای سے گرفتار کرلیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سنگین جرائم میں مطلوب گرفتار 6 اشتہاری ملزمان کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ، گرفتار ملزمان میں حماد شہباز، بلال مصطفی، علی رضا، ابوبکر، امتیاز احمد اور محمد رضوان شامل ہیں ۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان پنجاب کے مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھے، ملزم حماد شہباز، ابوبکر اور امتیاز احمد گوجرانوالہ پولیس کو مطلوب تھے جبکہ ملزم بلال مصطفی سیالکوٹ پولیس، علی رضا جہلم پولیس اور ملزم محمد رضوان فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے ، ملزمان کی گرفتاری کے لئے پنجاب پولیس کی جانب سے انٹرپول کو درخواست موصول ہوئی، ایف آئی اے انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹسسز جاری کئے تھے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔