آر ڈی اے نے راولپنڈی میں 3 غیر قانونی ہاسنگ سکیموں امپیریل سٹی، نیشنل گولڈ انکلیو اورکشمیر گرین سٹی کے خلاف ایف آئی آر درج کرادیں

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد سیف انور جپہ کی ہدایت پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے نے تین غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان مسعود عظمت، سردار نیاز خان، سردار جہانگیر اکبر، شیخ ندیم منور اورمحمد ندیم کے خلاف ایف آئی آر درج کرادیں ہیں۔

ان غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں امپیریل سٹی موضع ساہنگ مندرہ چکوال روڈ تحصیل گوجر خان، نیشنل گولڈ انکلیو ملوکال موضع ساہنگ مندرہ چکوال روڈ تحصیل گوجر خان اورکشمیر گرین سٹی موضع کری دولال جی ٹی روڈ مندرہ تحصیل گوجر خان راولپنڈی شامل ہیں۔ ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے اشتہارات و مارکیٹنگ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی نے ایف آئی آرز درج کرانے سے پہلے ان تین غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے سپانسرز کو نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے سبھی کو متنبہ کیا کہ آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں ہائوسنگ سکیموں، اپارٹمنٹ پراجیکٹس، کمرشل عمارتوں وغیرہ کو شروع کرنے کے لیے آر ڈی اے سے مطلوبہ این او سی حاصل کیے بغیر، ہر قسم کے اشتہارات، مارکیٹنگ اور ایسے منصوبوں کی ڈویلپمنٹ ،اشتہاری ایجنسیاں، پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، سول پروپرائٹر شپ وغیرہ غیر قانونی ہے لہذا آر ڈی اے عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیتا ہے کہ وہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں کوئی سرمایہ کاری نہ کریں۔

مزید برآں، سپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ و غیر قانونی ہائوسنگ سکیم کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این و سی منظوری حاصل کرنے کے لیے آر ڈی اے سے رابطہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے نے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای)سائبر کرائم اسلام آباد، اوورسیز پاکستانیز فانڈیشن اسلام آباد، ایس این جی پی ایل اسلام آباد، ڈسٹرکٹ کلکٹر، ضلع کونسل راولپنڈی، پیمرا اسلام آباد اور کمشنر اسلام آباد کو سوشل میڈیا، واٹس اپ، یوٹیوب اور انٹرنیٹ سہولت کی دیگر ایپس پر نجی ہاسنگ سکیموں کے غیر قانونی اشتہارات کے بارے میں درخواست ومعلومات کے ساتھ خطوط بھیج دئیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی و غیر مجاز ہائوسنگ سکیموں، تعمیرات اور تجارتی سرگرمیوں، بکنگ آفسز اور تجاوزات کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں۔