راولپنڈی، قتل کے مقدمات میں نامزد مجرمان کو سزائے موت اور 21لاکھ روپے ہرجانے کی سزائیں

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) راولپنڈی پولیس کی موثر تفتیش کے نتیجے میں معزز عدالتوں نے قتل کے مقدمات میں نامزد مجرمان کو سزائیں سنادیں۔ مجرمان کو سزائے موت اور 21لاکھ روپے ہرجانے کی سزائیں سنائیں گئیں۔پولیس کے مطابق معزز عدالت کے جج نےتھانہ صدر بیرونی کے دوہرے قتل کے مقدمہ میں مجرم افسر عرف گورا کو دو مرتبہ سزائے موت کی سزا سنادی۔
مجرم کو 14 لاکھ ہرجانے کی سزا بھی سنائی گئی،مجرم محمد افسر عرف گورا نے زمین کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے اپنی چچی اور ماموں کو قتل کر دیا تھا۔مقتولین میں سائرہ جبین اور محمد اکبر شامل تھے،واقعہ کا مقدمہ اپریل 2022 میں تھانہ صدر بیرونی میں درج کیا گیا تھا۔معزز عدالت کے جج نےتھانہ واہ کینٹ علاقہ میں 19 سالہ لڑکے کے قتل کےمجرم محمد ارسلان کو موت کی سزا سنادی، مجرم کو 5 لاکھ ہرجانے کی سزا بھی سنائی گئی،مجرم محمد ارسلان نے تلخ کلامی کی وجہ سے فائرنگ کر کے 19 سالہ جواد علی کو قتل کر دیا تھا،واقعہ کا مقدمہ نومبر 2022 میں تھانہ واہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا، راولپنڈی پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا تھا۔
پولیس کی موثر تفتیش کے پیش نظر معزز عدالتوں نے مجرمان کو قرار واقعی سزا سنائی۔قتل کے مجرم کو قرار واقعی سزا ملنے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی پوٹھوہار،ایس پی صدر اور تفتیشی و لیگل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ مجرم کو قرار واقعی سزا ملنا حق و انصاف کی فتح ہے۔