باجوڑ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو مہم پرمامورڈاکٹرزخمی، گورنر کے پی کا نوٹس

پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے پولیو مہم پر مامور ڈاکٹر اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا، گورنرکے پی غلام علی نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے علاقہ باد سیاہ میں ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبدالرحمان اور انکا ڈرائیو زخمی ہوئے

ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کردیا گیا۔

گورنرخیبرپختونخوا کا نوٹس

دوسری جانب گورنرغلام علی نے پولیو ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر کی گاڑی پر فائرنگ کا فوری نوٹس لے لیا، گورنر نے ڈپٹی کمشنر باجوڑ سے ٹیلیفونک رابطے میں واقعے کی تفصیلات حاصل کیں۔

ڈی سی باجوڑ نے ٹیلیفونک بریفنگ میں بتایا کہ ڈاکٹر عبدالرحمن شدید زخمی ہیں علاج کے لیے فوری پشاور منتقل کرنا ہے، گورنر حاجی غلام علی نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سے فوری رابطہ کرکے انہیں پشاور منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنیکی ہدایت کردی ۔

کور ہیڈ کوارٹر نے ہیلی کاپٹر اور دو ڈاکٹر باجوڑ روانہ کر دیئے ، گورنر کی ہدایت پر ڈاکٹر عبدالرحمان کو سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا جائے گا۔