ریٹائرڈ ٹیچر کے گھر پر پولیس اہلکار کا قبضہ ختم کروادیا گیا

فوٹو فائل
فوٹو فائل

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ریٹائرڈ اسکول ٹیچر کے گھر پر پولیس  اہلکار کا قبضہ ختم کروا دیا گیا۔

ریٹائرڈ ٹیچر جاوید سومرو نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ رفعت مختار راجہ کو قبضہ خالی کروانے کی درخواست دی تھی، جس پر آئی جی سندھ نے فوری کارروائی کے احکامات دیے۔

 پولیس کے مطابق ایسٹ پولیس نے مکان کا قبضہ خالی کرواکر جاوید سومرو کے حوالے کر دیا۔ 

ریٹائرڈ اسکول ٹیچر نے فروری2021 میں اپنا گھر پولیس اہلکار کو کرائے پر دیا تھا، پولیس اہلکار میاں طارق نے جون 2022 میں کرایہ بند کرکے مکان پر قبضہ کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیچر سے تمام کاغذات طلب کرکے متعلقہ اداروں سے تصدیق کروائی گئی، تمام کاغذات کی تصدیق کے بعد قبضہ ختم کرواکے گھر ریٹائرڈ ٹیچر کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ پولیس اہلکار میاں طارق کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جا رہی ہے۔