علامہ اقبال ایئر پورٹ سے جوڑے کے قبضے سے ڈھائی کلوگرام آئس ہیروئن برآمد

مسافر جوڑے کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام آئس ہیروئن برآمد---جنگ فوٹو
مسافر جوڑے کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام آئس ہیروئن برآمد—جنگ فوٹو

لاہور سے دوحہ کے مسافر جوڑے کے قبضے سے ڈھائی کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ 

ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس حکام کے مطابق آکاش مسیح اور انی آکاش دوحہ جانے کے لیے علامہ اقبال ایئر پورٹ پہنچے تھے، جوڑے کے سامان کو اسکریننگ کے دوران مشکوک قرار دیا گیا۔ 

ترجمان اے ایس ایف کے مطابق سامان کی تفصیلی تلاشی کے دوران 2.490 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، ہیروئن کو 1.250 اور 1.250 کلوگرام کے دو الگ الگ پیکٹوں میں رکھا گیا تھا، منشیات سے بھرے پیکٹ بیگز کے خفیہ خانوں سے برآمد کیے گئے۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف کے عملے نے پیشہ ورانہ مہارت سے منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی، ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔