کراچی: سی ٹی ڈی نے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا

کراچی: (کرائم ڈیسک) سی ٹی ڈی نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سرچ آپریشن کینٹ سٹیشن، گرومندر، پرانی سبزی منڈی اور اطراف کے علاقوں میں کیا گیا، آپریشن کے دوران علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی لی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر سی ٹی ڈی منتقل کیا گیا، تین ملزمان سے تلاشی کے دوران اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا، ملزمان میں نور زادہ، محمد قیصر اور محسن شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مزید تین مشتبہ افراد کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں تلاشی کے دوران 35 افراد کے شناختی کوائف تلاش ایپ کے ذریعے چیک کئے گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پہلے ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں، موجودہ صورتحال کے تناظر میں آپریشن کیا جا رہا ہے، محکمہ انسداد دہشتگردی اور پولیس ٹیمیں مشترکہ کام کر رہی ہیں۔