اطالوی شہری کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خودکشی کی تصدیق

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پشاور میں غیر ملکی اطالوی شہری جوشوا موائسز ورگاس کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں خودکشی کی تصدیق ہو گئی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اطالوی شہری کی گردن کے گرد پھندے کا نشان تھا، اطالوی شہری کی موت پھندے سے ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گردن کی ہڈی بائیں جانب سے فریکچر ہوئی۔

دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غیر ملکی سیاح کو کسی نے مارا نہیں۔

واضح رہے کہ اطالوی شہری 18 اکتوبر کو باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پشاور پہنچا تھا جبکہ اس نے 3 دسمبر کو خودکشی کی۔

خودکشی کرنے والے اطالوی سیاح کا خط بھی سامنے آیا تھا، جو پولیس کو اس کے کمرے سے ملا تھا۔

اطالوی سیاح کا خط میں کہنا تھا کہ میں نے تمام پیسے امریکا میں اپنی بہن کو بھجوا دیے ہیں، ابھی میرے پاس 1 لاکھ 79 ہزار 500 پاکستانی روپے ہیں، یہ پیسے میری میت کی منتقلی کےلیے استعمال کیے جائیں، میرا ذاتی موبائل فون، عینک و دیگر چیزیں عثمان خان اپنے پاس رکھے۔